بنگلورو،3؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاست میں مخلوط حکومت ایک کے بعد ایک بحرانوں کا شکار ہوتی رہی ہے اور اب ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ مخلوط حکومت کے شرکاء ۔۔ جنتا دل ایس اور کانگریس قائدین ۔۔ ایک دوسرے مرحلہ کی رسا کاشی کی تیاری کر رہے ہیں۔کل گذشتہ کم از کم پانچ وزراء اور درجن بھر ارکان اسمبلی کے بشمول، کانگریس کے کئی بزرگ قائدین نے ریاستی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی سے ملاقات کی اور یہ الزام لگایا کہ پی ڈبلیو ڈی وزیر ایچ ڈی ریونا نے ریاست بھر میں اس محکمہ کے تقریباً 700 افسران جن میں پیون سے لے کر چیف انجینئر تک شامل ہیں کا تبادلہ کر دیا ہے، ان کانگریس قائدین نے وزیر اعلیٰ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ان تمام تبادلوں پر روک لگا دیں۔ذرائع کے مطابق کانگریس ارکان اسمبلی اور وزراء جنہوں نے اتوار کی شام کوئنس روڈ پر واقع کے پی سی سی دفتر میں اجلاس منعقد کیا تھا، انہوں نے پارٹی کے مرکزی قائدین کو بھی مذکورہ تبادلوں پر اپنی ناراضگی سے واقف کرایا تھا۔اس کے بعد ان لوگوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ کس طرح ایچ ڈی ریونا اپنے محکمہ کا انتظام چلا رہے ہیں۔ایک رکن اسمبلی نے بتایا کہ ’’دو وزراء نے وزیر اعلیٰ سے سختی کے ساتھ کہا ہے کہ ریونا اگر اپنے طریقوں کودرست نہیں کر تے ہیں تو بہت جلد یہ حکومت گر سکتی ہے‘‘۔ریونا ، جو وزیر اعلیٰ کے بھائی بھی ہیں حالیہ دنوں میں کچھ غلط وجوہات کے لئے ہی خبروں کی سرخیاں بنتے رہے ہیں، حال ہی میں کورگ کے ایک امدادی کیمپ میں سیلاب متاثرین کی طرف بسکیٹ پھینکنے کے معاملہ میں وہ سرخیوں میں آئے تھے۔